ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بنگلور میں 27اگست کوحج ہاؤس کاافتتاح، 28اگست کو عازمین حج کی روانگی

بنگلور میں 27اگست کوحج ہاؤس کاافتتاح، 28اگست کو عازمین حج کی روانگی

Mon, 08 Aug 2016 20:52:01    S.O. News Service

وزیر برائے حج روشن بیگ کا مسلم کارپوریٹرس کے ساتھ مشاورتی اجلاس
بنگلورو،8 اگست؍(آئی این ایس انڈیا)بنگلور سے امسال عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ28اگست سے شروع ہونے والا ہے اور اس مرتبہ عازمین حج کی سہولت کے عیدگاہ قدوس صاحب میں حج کیمپ کے بجائے 27 اگست کو نئے حج گھر کا افتتاح کرکے عازمین حج کی سفر حج پر روانگی کیلئے سارے انتظامات نئے حج گھرمیں ہی کئے جارہے ہیں۔وزیر برائے حج وشہری ترقیات جناب روشن بیگ کی قیادت میں نئے حج گھر کے افتتاح اور حج گھر میں عازمین حج کے قیام اور ان کی ایرپورٹ روانگی کے لئے انتظامات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔آج وزیر برائے حج روشن بیگ نے پرسٹیج گروپ کے عرفان رزاق اور حج گھر کی تعمیر کررہے شہر کے گروپ کے ذمہ داروں کے علاوہ شہر کے مسلم کارپوریٹرس کے ساتھ نئے حج گھر کا معائنہ اور اس حج گھرمیں شہر کے کارپوریٹرس اور حج کیمپ کے انتظامات میں تعاون کرنے والے اہم رضا کاروں کے ساتھ مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا اس اجلاس کے بعد اردو اخبارات کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران مسٹر روشن بیگ نے بتایا کہ حج گھر میں پہلے مرحلے کے انتظامات اور تعمیراتی کام مکمل ہورہے ہیں۔27اگست کو ہندوستان کے اس سب سے بڑے اور عالیشان حج گھر کی افتتاحی تقریب منعقد ہے۔ افتتاحی تقریب میں اس مرتبہ سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد کو بطور مہمان اعزازی مدعو کیا جارہا ہے۔ بنگلور سے جدہ کے لئے راست پروازوں کے لئے منظوری دلوانے اور فلائٹس کا انتظام کرنے میں جناب غلام نبی آزاد کا اہم رول رہاہے۔ اس دورمیں ہندوستان بھر سے صرف ممبئی،دہلی،کولکتہ اور مدراس سے ہی عازمین حج کی روانگی کے لئے سہولت فراہم تھی۔ اور ہندوستان کا پانچواں ایمبارکمنٹ پوائنڈ بنگلور کوبنایاگیاتھا۔ افتتاحی تقریب میں غلام نبی آزاد کے علاوہ وزیر اعلیٰ سدارامیا، سابق وزیراعلیٰ وموجودہ مرکزی وزیر سدانندا گوڈا، اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری دگ وجئے سنگھ،مرکزی وزیر اننت کمار کے علاوہ ریاست کے تمام وزرائمذہبی قائدین کو مدعو کیا جارہا ہے۔ امیر شریعت مفتی محمد اشرف علی باقوی آل انڈیا مسلم پرسنل لائبورڈ کے ذمہ دار مولانا ولی رحمانی، مولاناطلحہ کے علاوہ ریاست کے تمام مسلک کے اہم علمائاور سابق وزیر اعظم شری ایچ ڈی دیوے گوڈا بھی شرکت کریں گے۔ حج گھر کاافتتاحی پروگرام ایک سرکاری پروگرام کے طورپر منعقد کیا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر روشن بیگ نے بتایا کہ حج گھر کی عمارت کھڑی ہوچکی ہے، فی الحال پہلے مرحلے کا افتتاحی پروگرام ہوگا۔ تاکہ حج گھر کے افتتاح میں مزید تاخیر نہ ہو، حج گھر میں عازمین حج کے قیام کے لئے کمرے تعمیر ہوچکے ہیں۔ 6 عدد لفٹ بھی فراہم کردی گئی ہیں۔ حج گھر کی مسجد کا کام بھی تکمیل کے قریب ہے جہاں خواتین اور مردوں کے لئے الگ الگ نماز کا انتظام کیاجارہاہے۔ عازمین کے لئے رہائش اور طعام کی سہولت بھی فراہم ہوگی، کسٹم، امیگریشن، لگیج کی ایرپورٹ روانگی، ایرانڈیا کی جانب سے بیاگیج لے جانے انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔ اس مرتبہ طیاروں کے جواوقات پہلے طے کئے گئے تھے اس سے عازمین کو دشواری پیش آسکتی تھی۔ مرکزی وزیر برائے حج اور اقلیتی بہبود مختار عباس نقوی سے ملاقات کرکے انہوں نے طیاروں کی روانگی کے اوقات میں ترمیم کروادی ہے، جس سے خادم الحجاج اور عازمین کو بہت ساری سہولت فراہم ہورہی ہے۔ایرپورٹ میں حج ٹرمنل پر بھی تمام طرح کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اس سلسلہ میں اگلے ہفتہ ایرپورٹ حکام اور ایر انڈیا کے ذمہ داروں کے ساتھ ایک اور اجلاس چلایاجائے گا۔ حج گھر میں حاجیوں کی خدمت کے لئے رضاکاروں کی ٹیمیں بنانے کے لئے بھی رضاکار تنظیموں اور اہم ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس چلائے جائیں گے۔ آج کے اس اجلاس میں بی بی ایم پی کے کارپوریٹرس شکیل احمد، فریدہ اشتیاق کے شوہراشتیاق احمد،نوشیر احمد،رضوان نواب،کلیم پاشاہ، عبدالواجد،ضمیر شاہ،مجاہد پاشاہ،ناصر کے علاوہ حج کمیٹی کے سی ای او سرفراز خان،اعجاز احمد،خالداحمد،حفیظ اللہ شریف ودیگر افسران وحج کمیٹی کے ذمہ دار شریک رہے۔


Share: